‏پاکستان تحریک انصاف کا بھارت کے بزدلانہ حملے پہ ردعمل:

‏پاکستان تحریک انصاف کا بھارت کے بزدلانہ حملے پہ ردعمل:

بھارت کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ہمارے وطن عزیز پہ حملہ کیا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور جنگی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک خطرناک چیلنج بھی ہے۔

بھارتی قیادت کا یہ طرزِ عمل پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن اور اندرونی سیاسی دباؤ کی عکاسی کرتا ہے جو مودی سرکار کو پالیسی کے بجائے پراپیگنڈے اور اشتعال انگیزی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ اس قسم کی کارروائیاں جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف واضح کرنا چاہتی ہے کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے 2019 میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا تھا، 25 کروڑ باشعور پاکستانی، باوقار، اور وطن سے بے لوث محبت رکھنے والے شہریوں کا ملک ہے۔ یہ مملکت صرف سرحدوں کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور عزم کا استعارہ ہے۔
پاکستان اپنے جغرافیائی، نظریاتی اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر تیار اور متحد ہے۔

اس نازک وقت میں، جب قوم کو داخلی اتحاد، قیادت اور یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، پاکستان تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ چیئرمین عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی بلاجواز قید نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی پامالی ہے بلکہ قومی یکجہتی پر ایک خطرناک ضرب بھی ہے اور جنگی حالات میں عمران خان جیسے قومی یکجتی کی علامت والی شخصیت کو جیل میں رکھنا انکی جان کو خطرے میں ڈالنا اور ملکی سالمیت کو خطرے میں رکھنے کے مترادف ہے۔

ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان اور دیگر تمام سیاسی اسیران کو فی الفور رہا کیا جائے تاکہ پوری قوم متحد ہو کر درپیش خطرات کا بھرپور مقابلہ کر سکے۔

پاکستان تحریک انصاف عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے تمام اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بھارتی اشتعال انگیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

پاکستان ایک ذمہ دار، امن پسند اور باوقار ریاست ہے۔ تاہم، اگر ہماری خودمختاری، شہریوں کی سلامتی یا قومی وقار کو چیلنج کیا گیا تو اس کا مؤثر، فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا — اور دیا جا رہا ہے۔

یہ وطن ہماری پہچان ہے، ہمارا فخر ہے، اور ہمارا ایمان ہے۔
پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ اس نازک وقت میں پاکستان تحریک انصاف اپنی افواج کے ایک ایک سپاہی کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔

پاکستان زندہ باد
‎#PakistanZindabad
‎#FreeKhanRightNow

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *