صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ایک ارب 40 کروڑ بھارتیوں کو سیزفائر کی تفصیل جاننے کا حق ہے
—فائل فوٹو:
این ڈی ٹی وی
کانگریس کا جنرل انیل چوہان کے انکشاف پر آزاد کمیشن بناکر دفاعی تیاریوں کا جائزہ لینے کا مطالبہ
‘جنگ بندی کن شرائط پر ہوئی؟ ایک ارب 40 کروڑ بھارتی شہریوں کو سیزفائر معاہدے کی تفصیلات جاننے کا پورا حق ہے’
بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر نے بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل انیل چوہان کے انکشافات پر آپریشن سندور پر سوالات اٹھاتے ہوئے آزاد کمیشن کے ذریعے دفاعی تیاریوں کے جائزے کا مطالبہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مطالبہ کیا ہے کہ دفاعی ناکامیوں کا غیر جانبدارانہ تجزیہ کے لیے کارگل ریویو کمیٹی کی طرز پر نئی کمیٹی بنائی جائے، پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے تاکہ قوم کو سچ بتایا جاسکے۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت نے جنگی صورت حال میں عوام کو لاعلم رکھا، حقائق اب سامنے آرہے ہیں
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کیخلاف لڑائی میں نقصان اٹھانا پڑا ہے، صدر ٹرمپ کی بار بار جنگ بندی پر ثالثی کی بات بھارتی خودمختاری کے لیے خطرہ بن چکی ہے، کیا مودی حکومت نے واقعی امریکا کے کہنے پر جنگ بندی قبول کی؟ مودی صرف مسلح افواج کی بہادری کا کریڈٹ لیتے ہیں مگر پالیسی فیصلوں سے منہ موڑ لیتے ہیں۔
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جنگ بندی کی شرائط کیا ہیں؟ کب طے ہوئیں؟ عوام کو کیوں اندھیرے میں رکھا گیا؟، ایک ارب 40 کروڑ بھارتی شہریوں کو سیزفائر معاہدے کی تفصیلات جاننے کا پورا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آزاد کمیشن کے ذریعے دفاعی تیاریوں کے جائزے کا مطالبہ کرتی ہے۔
Leave a Reply